قومی بیٹسمینوں کو انگلینڈ کیخلاف وکٹ پر سنبھل کر کھیلنا ہوگا: وسیم باری

بیٹنگ لائن کمزور ہو چکی،آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز آسان نہیں:سابق چیف سلیکٹر

پیر 7 مئی 2018 18:07

قومی بیٹسمینوں کو انگلینڈ کیخلاف وکٹ پر سنبھل کر کھیلنا ہوگا: وسیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) سابق چیف سلیکٹر وسیم باری نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کا دورہ آسان ثابت نہیں ہوگا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز وسیم باری کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انگلش کنڈیشنز بہت مشکل ثابت ہوں گی اور انہیں وکٹ پر بہت سنبھل کر کھیلنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ بہت مختصر ہے ،دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز ہونے چاہئے تھے جب کہ پی سی بی کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے بھی کوشش کرنا چاہئے تھی۔ وسیم باری کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے صلاحیتوں کے اظہار کا اچھا موقع ہے، وہ لارڈز کے تاریخی میدان پر سنچری بنا کر یا پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنا نام اونرز بورڈ پر درج کر اسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹنگ لائن کمزور ہو چکی ہے ۔وسیم باری نے ٹیم سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں تین ٹیسٹ میچز کے لیے چار اوپنرز کو لے کر جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے قومی فاسٹ بالر زکو مشورہ دیا کہ وہ انگلش کنڈیشنز میں نتائج کیلئے لائن اور لینتھ درست رکھیں اس سے انہیں وکٹیں مل سکتی ہے ،لائن سے باہر گیندیں کرنے خمیازہ بالرز کو بھگتناپڑے گا۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئر لینڈ کے مابین واحد ٹیسٹ 11مئی سے ڈبلن میں کھیلا جائے گا جو آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا ، اس کے بعد قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ جائے گی جہاں 24مئی کو لارڈزاور یکم جون کو ہینڈنگلے میں میچزکھیلے جائیں گی