حکومتِ سندھ نے گرمی کی حالیہ شدت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی قبل از وقت تعطیلات کا اعلان کردیا

پیر 7 مئی 2018 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) حکومتِ سندھ نے گرمی کی حالیہ شدت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی قبل از وقت تعطیلات کا اعلان کردیا۔سیکریٹری تعلیم سندھ اقبال درانی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بھیجی گئی سمری منظور کرلی جس کے مطابق سندھ بھر میں 14 مئی سے 15 جولائی تک موسمِ گرما کی تعطیلات ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو ایک سمری ارسال کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گرمی کی شدت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے موسم گرما کی تعطیلات میں رد و بدل کیا جائے۔خیال رہے کہ سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک دی جاتی تھیں تاہم گزشتہ کچھ سالوں سے صوبے میں موسمیاتی تبدیلوں کے باعث گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث اس میں رد بدل کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے موسم گرما کی قبل از وقت تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ #

متعلقہ عنوان :