وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ قابل مذمت ، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ایس ایم منیر

ایسے واقعات سے عالمی سطح پر ملکی امیج متاثر ہوتا ہے، طارق ملک،کاٹی کی جانب سے دعائے صحت کی اپیل

پیر 7 مئی 2018 18:32

وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ قابل مذمت ، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، سابق صدور زبیر چھایا ، گلزار فیروز اور دیگر نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلہ حملے کی پرزور مزمت کی ہے۔ کاٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی پُرزور مزمت کرتے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ پاکستان کے امیج پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال نے ملک کے معاشی استحکام کے لیے قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں، سی پیک کے حوالے سے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ اس واقع کے ذمہ داران کو فوری طور پر انصاف کے کٹہر ے میں لایا جائے۔ صدر کاٹی طارق ملک نے بھی وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی مزمت کرتے ہوئے اسے ملکی امن پر حملے کے مترادف قرار دیا۔ طارق ملک نے کہا کہ ایسے واقعات سے عالمی سطح پر ملک کا امیج متاثر ہوگا، ہم توقع کرتے ہیں کہ ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ کاٹی کے عہدے داران اور ارکان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے لیے دعائے صحت کی اپیل بھی کی گئی ہے۔