پنجاب نے اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ جیت لی

پیر 7 مئی 2018 19:07

پنجاب نے اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ جیت لی
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پنجاب نے اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ جیت لی۔ فائنل میں پنجاب نے کے پی کے کو 17 رنز سے ہرا دیا۔ محمد اکرم کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوئٹہ میں کھیلے گئے فائنل میں پنجاب کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

محمد اکرم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 78 گیندوں پر 135 رنز سکور کئے جبکہ محمد ارسلان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ کے پی کے کی طرف سے ہارون خان اور انیس جاوید نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں کے پی کے کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 187 رنز بنا سکی۔ کے پی کی طرف سے انیس جاوید 70 اور ہارون خان نے 33 رنز سکور کئے جبکہ پنجاب کی جانب سے محمد اکرم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری میں عامر اشفاق، بی ٹو میں محمد اکرم اور بی تھری کیٹیگری میں نثار علی کو بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز دیا گیا۔ فائنل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی قائمقام گورنر بلوچستان اور سپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان راحیلہ حمید خان تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کوئٹہ میں قومی ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان حکومت کی طرف سے بلائنڈ کرکٹ کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید سلطان شاہ، ریجنل کو آرڈینیٹر او جی ڈی سی ایل بلوچستان اکرام اللہ کافی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔