ترقیاتی منصوبوں میں وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کا خیال رکھا جانا چاہیے‘ سندھ کے آبپاشی کے نظام اور سندھ کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے

ترقیاتی منصوبوں میں وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کا خیال رکھا جانا چاہیے‘ نواب محمد یوسف تالپور

پیر 7 مئی 2018 20:08

اسلام آباد۔ 07 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب محمد یوسف تالپور نے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کا خیال رکھا جانا چاہیے‘ سندھ کے آبپاشی کے نظام اور سندھ کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2018-19ء پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے نواب محمد یوسف تالپور نے کہا کہ بجٹ میں سندھ کے آبپاشی کے نظام کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں کے معروضی حالات کو مدنظر رکھ کر رقوم مختص کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور‘ حویلی بہادر شاہ اور نیلم جہلم منصوبوں سمیت پنجاب میں دیگر بجلی کے منصوبوں پر 677 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ اسی طرح پنجاب میں شاہراہوں کے منصوبوں پر بھی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ کڑوا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ہمیں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ ہمارے قائدین نے جانیں قربان کردیں مگر وفاق پاکستان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔