جے آئی ڈی سی کا معاملہ سینیٹ کی پٹرولیم کمیٹی میں زیر غور لایا جائے گا، صادق سنجرانی

پیر 7 مئی 2018 20:26

جے آئی ڈی سی کا معاملہ سینیٹ کی پٹرولیم کمیٹی میں زیر غور لایا جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ جے آئی ڈی سی کا معاملہ سینیٹ کی پٹرولیم کمیٹی میں ہی زیر غور لایا جائیگا۔ پیر کو اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا کہ جے آئی ڈی سی کا معاملہ سینیٹ میں ہے۔ سینیٹ کی پٹرولیم کمیٹی اس وقت موجود نہیں ہے۔ میری درخواست ہے کہ اس معاملے کو سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کو بھجوا دیا جائے کیونکہ اس معاملے پر جلد پیش رفت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

فنانس کمیٹی بھی اس معاملے کا جائزہ لے سکتی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پرسوں پٹرولیم کمیٹی بن جائے گی وہ اس معاملے کا جائزہ لے سکتی ہے۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ پہلے بھی اس معاملے پر سینٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس میں کئی اہم معاملے ہیں جن پر میں چیئرمین کے چیمبر میں روشنی ڈال سکتا ہوں۔ عجلت میں اس معاملے کو خزانہ کمیٹی کو نہ بھجوایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس معاملے کو پٹرولیم کمیٹی میں ہی زیر غور لایا جائے گا۔