کوئٹہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ‘ میئر کوئٹہ

شہریوں کو جہاں غیر قانونی تعمیرات نظر آئیں وہ فوری طورپر ہمیں مطلع کریں‘ڈاکٹر کلیم اللہ خان

پیر 7 مئی 2018 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) مئیر کوئٹہ میٹروپولٹین کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ خان نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر کے اندر غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا،شہریوں کو جہاں غیر قانونی تعمیرات نظر آئیں وہ فوری طورپر مجھے ذاتی طورپر مطلع کریں ،میٹروپولٹین کارپوریشن میں عملے کی کمی ،کوتاہی اوردیگر وجوہات کی بناء پر غیر قانونی تعمیرات سے متعلق ہم مطلع نہیں ہوتے اس لئے اس عمل کا راستہ روکنے کیلئے عوام براہ راست یا بذریعہ فون مجھے آگاہ کیا کریں ،سیاسی ،مذہبی جماعتیں اور فلاحی تنظیمیں ودیگر شہر میں جھنڈے ،بینرز ،پینافلیکس میٹروپولٹین کارپوریشن کے اجازت کے بغیر نہ لگائے بلکہ انہیں لگاتے ہوئے لائٹنگ کیلئے لگائی گئی لڑیوں اور دیگر کا خیال رکھیں ،کسی بھی تقریب کے 3دن بعد تک جھنڈے اور دیگر نہ اتارے گئے تومیٹروپولٹین کارپوریشن کا عملہ اسے خود اتارے گی۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی ہے ۔میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ نے عوام اور کوئٹہ شہر کے باسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق انہیں ذاتی طور پر دفتر آکر مطلع کریں یا پھر بذریعہ فون انہیں آگاہ کریں کیونکہ عملے کی کمی ،کوتاہی اور دیگر وجوہات کے باعث انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق اطلاع نہیں ملتی ہم غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے کیونکہ نہ صرف کوئٹہ زلزلے کی ریڈ زون پر واقع ہے بلکہ غیر قانونی تعمیرات کے باعث شہر بدنما ہوتا جارہاہے جس کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات ہو یا کوئی اور مسئلہ کا حل اکیلے کسی فرد یا ادارے کے بس کاکام نہیں بلکہ مسائل کے حل کیلئے عوام اور شہریوں کا بھرپور تعاون ہی اس سلسلے میں ثمر آور ثابت ہوسکتاہے ، غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گابلکہ اس سلسلے میں شہری اپنا کردارا دا کرے ، انہوں نے مزید کہاکہ مختلف سیاسی ،مذہبی جماعتوں کے کارکنوں ودیگر کی جانب سے شہر میں مختلف کھمبوں اور دیگر پر بینرز ،پوسٹرز اور جھنڈے لگائے جاتے ہیں اس سلسلے میں میٹرو پولٹین کارپوریشن کی اجازت درکار ہواکرتی ہے اس لئے سیاسی ومذہبی جماعتیں اور دیگر تنظیمیں میٹروپولٹین کارپوریشن سے اجازت نامہ حاصل کرے انہوں نے کہاکہ شہر میں کھمبوں اور دیگر پر خوبصورتی کیلئے لائٹنگ اور ڈیکوریشن کی گئی ہے لیکن جھنڈے اور بینرز لگانے والے کارکنوں کے باعث انہیں نقصان پہنچتاہے جس کے باعث نہ صرف شہر اورمختلف علاقوں میں رات کے وقت لائٹنگ سے خوبصورتی ختم ہوجاتی ہے بلکہ انہیں ٹھیک کرنے کیلئے اخراجات بھی آتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جو بھی سیاسی مذہبی جماعت یا تنظیم بینرز اور جھنڈے لگاتی ہے انہیں چاہیے کہ وہ کسی بھی تقریب کے بعد انہیں تین دن کے دوران واپس اتاریں بصورت دیگر میٹرو پولٹین کارپوریشن کا عملہ لگائے گئے جھنڈے ،بینرز اور پینافلیکس خود اتارے گی تاکہ شہر کی خوبصورتی کو ماند نہ پڑے ۔