ْوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی زیر صدارت ہزارہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ کا 37 واں اجلاس

پیر 7 مئی 2018 23:13

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) ہزارہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ کا 37 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی 36 ویں سنڈیکیٹ کی کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ دیگر اہم نوعیت کے امور کے متعلق ایجنڈے پر تفصیل سے بحث ہوئی۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) محمود خان نے سنڈیکیٹ کے سیکرٹری کے طور پر ایجنڈا پیش کیا۔

وائس چانسلر نے اپنے ابتدائی کلمات میں یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی، تخلیقی، انتظامی و تعمیراتی حوالوں سے سرگرمیوں کے متعلق ممبران کو بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و تحقیق پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے کئی تعمیراتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی کا میگا پراجیکٹ بھی پلاننگ کمیشن سے منظور کروا لیا ہے جس کی لاگت دو ارب روپے سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے دو نئے کیمپس جن میں بٹگرام اور اوگی شامل ہیں، کے قیام کے مراحل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ یونیورسٹی میں 20 نئے تعلیمی شعبہ جات بھی آئندہ سمسٹر سے شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف قومی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون جو تعلیم، تحقیق و تخلیق کے متعلق ہیں، کئے جا رہے ہیں جن کے نہایت دور رس نتائج برآمد ہوں گے یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج سنٹر کے قیام کیلئے بھی چینی ادارے کے ساتھ ایم او یو آخری مراحل میں ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے یونیورسٹی میں نظم و ضبط، تعلیم و تحقیق اور مالی امور میں بہتری اور تعمیراتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہایت حوصلہ افزاء اور قابل تقلید قرار دیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ برائے سال 2018-19ء کی سفارشات جو پلاننگ اینڈ فنانس کمیٹی کے اجلاس میں طے کی گئیں تھیں، حتمی منظوری کیلئے یونیورسٹی سینٹ کو پیش کرنے کی سفارشات مرتب کی گئیں۔

سنڈیکیٹ میں یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی امور کے متعلق بھی مختلف تجاویز مرتب کیں اور کئی کمیٹیاں جو سنڈیکیٹ کے مختلف ممبران پر مشتمل ہیں، تشکیل دی گئیں۔ اجلاس کے تمام تر امور نہایت ہی مثبت اور تعمیری انداز میں طے ہوئے۔ وائس چانسلر نے اختتامی کلمات میں یونیورسٹی کے تمام ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل رہنمائی، تجربہ اور مہارت کی بدولت یونیورسٹی کے آج کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلے اس ادارے کی مزید بہتری اور ترقی کا ضامن ہوں گے۔

اجلاس میں شرکت کرنے والے سنڈیکیٹ کے ممبران میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے پروفیسر ڈاکٹر سید اقبال شاہ، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ پرو وائس چانسلر و ڈین آرٹس، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین ڈین سائنس، سید سہیل شاہ گیلانی ڈپٹی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور، ناصر امان ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ پشاور، خورشید علی ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ پشاور، سائرہ خاتون پروفیسر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مانسہرہ، ڈاکٹر شہناز غفار سابق انچارج آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد، فیاض احمد ڈائریکٹر جناح ڈگری کالج مانسہرہ، پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی چیئر مین اسلامک اینڈ ریلجس سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد عباسی چیئرمین ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر محسن نواز چیئر مین کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر مسرور بنگش اسسٹنٹ پروفیسر کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، اسد جاوید لیکچرار مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ، جمیل الرحمن آڈٹ آفیسر اور خرم جمال خزانچی ہزارہ یونیورسٹی شامل تھے۔