نواز شریف نے اپنی 30سالہ سیاست میں پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے کیا اقدامات کئے، سینیٹر شبلی فراز

پاکستان سے نظریات کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی رہنما پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف جائزہ لیں انہوں نے اپنی 30سالہ سیاست میں پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے کیا اقدامات کئے، پاکستان سے نظریات کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی۔ وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو صرف اللہ کا خوف ہے، پیپلز پارٹی اوچھے ہتھکنڈے اپنا کر ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، نواز شریف اسمبلی سے التجا کر رہے ہیں کہ ان کی نا اہلی کو ختم کرایا جائے، مسلم لیگ (ن) نے کبھی بھی ووٹ کو تقدس اور عزت نہیں دی، ایک غیر شخص سے ملک کا بجٹ پاس کروا کر حکومت نے بتا دیا کہ ان کے نزدیک ووٹ کی کتنی عزت ہے، نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہے ان کو جائزہ لینا چاہیے کہ اپنی تیس سالہ سیاست میں انہوں نے پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کیلئے کیا اقدامات کئے، پاکستان میں نظریاتی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے اور اس کی جگہ لسانی، مذہبی اور مفاد کی سیاست نے لے لی ہے، پاکستان میں پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو نظریات کی سیاست کرتی ہے۔