گندم خریداری مہم، کسی کو کاشتکاروں کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے‘شہبازشریف

کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے ، گندم خریداری میں سہولت اور آسانی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز روزانہ گندم خریداری مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں‘ وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 19:44

گندم خریداری مہم، کسی کو کاشتکاروں کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبہ بھر میں گندم کی خریداری مہم کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ گندم خریداری میں مڈل مین کے کردار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ہر ضلع میں گندم خریداری کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور گندم خریداری میں کاشتکاروں کی سہولت اور آسانی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور کاشتکاروں کا استحصال کرنے والے مڈل مین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور کسی کو کسانوں کا حق نہیں مارنے دوں گا -وزیر اعلی نے کہا کہ باردانہ کی تقسیم میںجہاں کہیں مجھے کوئی شکایت ملی تو انتظامیہ اورمتعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا-کسان میرے بھائی ہیں، ان کے مفادات کا تحفظ پہلے بھی کیا ،آئندہ بھی کروں گا- انہوں نے کہا کہ وزراء ، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں گے اور میں خود بھی گندم خریداری مہم کا ذاتی طو رپر جائزہ لوںگا-انہوںنے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز روزانہ گندم خریداری مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں۔

محکمہ خوراک کے حکام کی جانب سے گندم کی خریداری اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا 37 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ سول سیکرٹریٹ سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، دیگر اضلاع سے صوبائی وزراء، سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز او رپولیس حکام نے شرکت کی۔