بلوچستان حکومت جعفرآباد کے تعلیمی نظام اور سکولوں کی بہتری پر بھی توجہ دے،سیف اللہ کھوسہ

منگل 8 مئی 2018 23:45

حمیدآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفرآباد سیف اللہ کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت جعفرآباد کے تعلیمی نظام اور سکولوں پر خاص توجہ دے اور خالی آسامیوں کو پر کرے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔تحصیل ڈیرہ اللہ یار کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیف اللہ خان کھوسہ نے منگل کو اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تحصیل ڈیرہ اللہ یار میں 231میل پرائمری اسکولز ہیں جن میں 40ایسے اسکول جن کے اساتذہ ریٹائرڈ ہو چکے ہیں اور ان اسکولوں میں تاحال کوئی استاد تعینات نہیں کیا گیا جس سے وہاں کے سینکڑوں بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو لکھا بھی ہے مگر تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

سیف اللہ کھوسہ کا کہنا تھا کہ 2010اور2012کے تباہ کن سیلابوں سے جعفرآباد کے سکولوں کی حالت انتہائی خستہ حال ہوچکی ہے اور متعدد سکولوں میں بنیادی سہولیات جن میں پینے کا صاف پانی ،چار دیواری ،بجلی تک میسر نہیں ہے اور بہت سے سکولوں کے چھتیں تک نہیں ہیں ان کا کہنا تھا کہ پرائمری سکولوں کا بجٹ ہائی سکولوں کے ہیڈ ماسٹران کو ملتا ہے جس سے والدین میں خدشات پیدا ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ پرائمری سکولوں کا بجٹ ہمارے ذریعے ان سکولوں کو ملنا چاہیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کو جعفرآباد کے سکولوں پر خاص توجہ دینی چاہیے اور تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرے تاکہ ہمارے مستقبل کے معمار پڑھ لکھ کر اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کرسکیں ۔