افغانستان کی وزیر تجارت ایچ ای کامیلا صدیقی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی سیکرٹری تجارت سے ملاقات ،ْدوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

دونوں اطراف سے موجودہ چیلنجز پر کمی لانے کیلئے دوطرفہ تجارت اور باہمی تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار

منگل 8 مئی 2018 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) افغانستان کی ڈپٹی وزیر تجارت ایچ ای کامیلا صدیقی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے سیکرٹری فضل عباس میکن اور وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افغان وفد میں نائب وزیر زراعت حمد الله ہمدرد، آبپاشی و لائیو سٹاک کے شعبوں کے وزیر سعید سعیدی، ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی تجارت و وزارت تجارت خان جان الکزئی، افغان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سربراہ نجیب الله وردک، وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سیاسیات ادریس رئوف، ماہر کپاس، وزارت تجارت، وزارت زراعت، آبپاشی، لائیو سٹاک اور افغان سفارتخانہ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے موجودہ چیلنجز پر کمی لانے کیلئے دوطرفہ تجارت اور باہمی تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت بڑھانے اور مختلف مصنوعات و آئٹمز پر خصوصاً پھل و سبزیوں کے ٹیرف کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے سیکرٹری نے افغان حکام کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے چمن اور طورخم بارڈر پر اہلکاروں کو پہلے سے تعینات کر رکھا ہے جبکہ دونوں ممالک کے مابین تاجروں کی سہولت کیلئے دیگر اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

دونوں اطراف سے ٹرانزٹ اور دوطرفہ تجارت بڑھانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا اعادہ کیا گیا۔ افغان وفد نے پاکستان کی حکومت کی طرف سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔