کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے شادی کی تقریب میں جاری قمار بازی کی محفل الٹ دی

بدھ 9 مئی 2018 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے شادی کی تقریب میں جاری قمار بازی کی محفل الٹ دی۔کارروائی میں 12قمار بازوں کو دائو منی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔کامیاب کاروائی افغان مہاجر کیمپ میں شادی کی تقریب میں جوا کھیلنے کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔گرفتار قمار بازوں میں مقامی و غیر مقامی افراد شامل ہیں جنکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان نے کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی معاشرتی برائیوں جیسے منشیات، ہوائی فائرنگ اور قمار بازی کے ناسور کے سد باب کے حوالے سے واضح احکامات کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل محمد اقبال نے اے ایس آئی عارف خان اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ گزشتہ شب گھمکول افغان مہاجر کیمپ نمبر2میں جاری شادی کی تقریب پر اچانک چھاپہ مارا جہاں مقامی باشندے فیصل کی بیٹھک میں جاری قمار بازی کی محفل الٹ دی گئی۔

(جاری ہے)

کاروائی میں پولیس نے قمار بازی میں مصروف 12جواریوں کوموقع پر گرفتار کرکے انکے قبضے سے دائو پر لگی مجموعی طور پر چالیس ہزار نوے (40090)روپے کی نقدی اور آلات قمار بازی دو عدد تاش سیٹ برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔ڈی ایس پی کے مطابق کاروائی کے دوران گرفتار قمار بازوں میں محمد عارف ولد قاضی عبدالوہاب ،حسین گل ولد منار گل ساکنان ہنگو،منظور ولد دل محمد،زر تاج ولد خان معین،منور دین ولد سید آباد،شاہ زیب ولد خیال باز ساکنان جنگل خیل،زبیر ولد خوشحال خان،سید عبدالرحمان ولد سید منیر شاہ ساکنان گلشن آباد،شاہ ولی ولد کریم خان سکنہ گھمکول کیمپ نمبر3،حاجی گل ولد مہربان سکنہ گھمکول کیمپ نمبر 2،عبدالوہاب اور مہتاب پسران محمد یاسین ساکنان بابری بانڈہ شامل ہیں جنکے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔