رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے اوقات میں تمام بڑی مساجد میں پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے، ڈی ایس پی سرکل حضرو راجہ فیاض الحق

بدھ 9 مئی 2018 23:31

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ڈی ایس پی سرکل حضرو راجہ فیاض الحق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے اوقات میں تمام بڑی مساجد میں پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سرکل حضرو راجہ فیاض الحق نے بدھ کو علمائے کرام، امن کمیٹیوں اور یونین کونسلز کے چیئرمینز سے میٹنگ کے دوران بتایا کہ نماز تراویح کے دوران تمام بڑی مساجد میں پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے، علمائے کرام بھی اپنی طرف سے 2افراد پولیس کے ساتھ کھڑا کریں گے مقامی افراد کی تلاشی نہیں لی جائے گی جبکہ باہر سے آئے ہوئے ہر فرد کی تلاشی لی جائے گی۔

راجہ فیاض الحق نے مذید کہا کہ سرکل حضرو میں رمضان المبارک میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے علمائے کرام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے ۔اس موقع پر علمائے کرام اور معززین علاقہ نے ڈی ایس پی راجہ فیاض الحق کو ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔