آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس ،

سندھ کے تمام ویمن پولیس اسٹیشنز کا نام تبدیل کرکے ویمن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھنے کا فیصلہ

جمعرات 10 مئی 2018 13:48

آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس ،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس ٹریننگ کے جملہ امور کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جانے کے لیئے ضروری ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے سندھ کے تمام وومن پولیس اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے ویمن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے تمام ضروری احکامات دیئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سندھ،ڈی آئی جی ٹریننگ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کے علاوہ اے آئی جی ایڈمن اور سندھ پولیس کے تمام ٹریننگ اسکولز وکالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی ٹریننگ نے دوران بریفنگ اجلاس کو سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کے اسٹیبلشمنٹ،نصاب،تربیتی پالیسی،استعدادی صلاحیت، ترقیاتی امور اور ویلفیئر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابتک 20 ہزار پولیس اہلکار پاکستان آرمی سے تربیت حاصل کرچکے ہیں اور ان میں سے 16970 پاس آئوٹ ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ3030 کو اسی ماہ پاس آئوٹ کردیا جائیگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ بھر کی450 پولیس اہلکاروں کو اسپیشلائزڈ کمانڈو ٹریننگ کے لیئے منتخب کرنے کے علاوہ142 انسٹرکٹرز کو بھی پاکستان آرمی سے ریفریشر کورس کے لیئے نامزد کردیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ اسی ماہ پاس آٹ ہونے والے 3030پولیس اہلکاروں کو کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دیدیا جائے تاکہ رمضان المبارک سیکیورٹی اقدامات کو مذیدغیرمعمولی بنایا جاسکے۔آئی جی سندھ نے تمام پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پندرہ دن غیرحاضر ہوجانیوالے ریکروٹ کی تربیت میں بطور سزا ایک ماہ کی مدت کا اضافہ کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رزاق آباد میں آئندہ صرف اور صرف ایگلیٹ کورس کا ہی انعقاد کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام پولیس ٹریننگ سنٹرز/کالجز کے پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پولیس تربیت کے مختلف مراحل اورمدت پر مشتمل باقاعدہ ایک شیڈول تیار کیا جائے اور بعداذاں اسکی کاپیاں زیرتربیت تمام پولیس اہلکاروں میں تقسیم کی جائیں تاکہ تربیت پر فوکس رکھتے ہوئے تمام اہلکار تربیت کی کامیابی سے تکمیل کو ممکن بناسکیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ زیرتربیت اہلکاروں کے لیئے صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے ڈنرز میوزیکل پروگرامز سیروسیاحت کھیل کود جیسے اقدامات کو ٹریننگ کے عمل کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں جاری ترقیاتی امور باالخصوص بانڈری والز کی تعمیر جیسے اقدامات کی جلد سے جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اس حوالے سے انہوں نے ایڈیشنل آئی جی سندھ کو بھی ہدایات دیں کہ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کا اندرون ایک ہفتہ دورہ کرکے جاری تمام ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرکے برائے ملاحظہ و مذید ضروری اقدامات ارسال کی جائے۔