کراچی ،ْ استانی کی طالبہ کو قتل کرکے خودکشی کی کہانی جھوٹ نکلی

7 مئی کو کوثر نیازی کالونی میں ایک مکان سے 2 خواتین کی لاشیں ملی تھیں

جمعرات 10 مئی 2018 14:06

کراچی ،ْ استانی کی طالبہ کو قتل کرکے خودکشی کی کہانی جھوٹ نکلی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) کوثر نیازی کالونی میں بھائی کے لیے رشتہ دینے سے انکار پر ایک استانی کے اپنی طالبہ کو گھر میں بلا کر فائرنگ کرکے قتل کرنے اور خودکشی کی کہانی جھوٹ نکلی اور دونوں خواتین کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق سات مئی کو شب نارتھ ناظم آباد کی کوثر نیازی کالونی میں ایک مکان سے 26 سالہ استانی نسرین اور 16 سالہ طالبہ رابعہ کی لاشیں ملی تھیں۔

ابتدائی رپورٹس میں سامنے آیا تھا کہ نورین نے دو ماہ قبل رابعہ کا رشتہ اپنے بھائی کیلئے مانگا تھا تاہم رابعہ کے اہل خانہ کی جانب سے رشتہ دینے سے مسلسل انکار کیا جارہا تھاجس پر استانی نے طالبہ کو اپنے گھر بلایا اور فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خود بھی خودکشی کرلی تاہم پولیس کی مزید تفتیش کے نتیجے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ دوہرا قتل مبینہ طور پر غیرت کے نام پر کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیاجس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق غیر قانونی جرگے کی وجہ سے مقتولین کے ورثاء مقدمے کے اندراج میں دلچسپی نہیں رکھتے۔سرکار کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول طالبہ رابعہ کی منگنی اس کی مرضی کے خلاف حیدرآباد میں طے کردی گئی تھی اور مقتولہ استانی نسرین کو رابعہ کو سمجھانے کے لیے بلایا گیا تھا۔پولیس کے مطابق مقتولین کے ورثاء کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔