ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ، ایک ڈالر کی قیمت 80 ہزار ریال

قدرمیںشدید کمی کی وجہ سے بعض ایرانی ویب سائٹوں نے ڈالر کے نرخ اعلان کرنے کا سلسلہ روک دیا

جمعرات 10 مئی 2018 15:30

ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ، ایک ڈالر کی قیمت 80 ہزار ریال
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے سے علاحدگی کے فیصلے کے بعد ایرانی کرنسی کو تاریخی خسارے کا سامنا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذکورہ فیصلے پر دستخط کے فورا بعد ایرانی ریال نئی تاریخی سطح تک نیچے آ گیا اور ایک ڈالر کی قیمت 80 ہزار ایرانی ریال ہو گئی۔ اس طرح ڈالر کی قدر میں یک دم 5000 ریال کے قریب اضافہ ہوا۔

عرب ٹی وی کے مطابق اس صورت حال کے سبب بعض ایرانی ویب سائٹوں نے ڈالر کے نرخ اعلان کرنے کا سلسلہ روک دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایرانی مںڈی سے ڈالر تقریبا غائب ہو چکا ہے۔ چند روز قبل سکیورٹی فورسز نے بعض تاجروں کو گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد کسی نے منڈی میں ڈالر فروخت کرنے کی ہمّت نہ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے پاس امریکی ڈالر ہیں وہ انہیں اپنی جان پہچان کے حلقوں میں خاموشی سے فروخت کر رہے ہیں اور اس کے کوئی یکساں نرخ بھی نہیں ہیں۔ادھر ایرانی گولڈ کوائن کے نرخ 3 لاکھ ایرانی ریال کے فوری اضافے کے بعد 2 کروڑ 13 لاکھ ایرانی ریال تک پہنچ گئے جب کہ سونے کی قیمت 1.8 لاکھ ریال کے اضافے کے بعد 27.5 لاکھ ایرانی ریال تک پہنچ گئی۔

متعلقہ عنوان :