نواز شریف وکٹیں گرنے سے پریشان ، اپنے ہی منتخب نمائندوں کے چہرے بھول گئے ،ترجمان جنوبی پنجاب صوبہ محاذ

عوام بھی ان کا چہرہ بھلا دیں گے ،92سالہ مہاتیر محمد کی جیت ہمارے حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے : نواز شریف کے بیان پر رد عمل کا اظہار

جمعرات 10 مئی 2018 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) ن لیگ کی نظر میں عوام کے ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں ۔ عوامی نمائندوں کے چہرے بھلانے والے کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے ۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے ترجمان نے نواز شریف کے اس بیان '' عمران کیساتھ جا بیٹھے جنوبی پنجاب کے چند لوگوں کے علاوہ باقی چہروں سے بالکل واقف نہیں ''پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا یہ کہنا خود چیخ چیخ کر گواہی دے رہا ہے کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کی انکی نظر میں کیا اہمیت ہے۔

نا اہل حکمران اگر اپنے لوگوں کی قدر کرتے تو ان کی شکلیں کبھی نہ بھولتے ۔ ان کے نامناسب رویے اور ناروا سلوک کے باعث ہی ان کے اپنے منتخب نمائندے انہیں چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں جا رہے ہیں ۔ان کا یہ بیا ن وکٹیں گرنے سے ان کی پریشانی کا عکاس ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ جس روز محا ذ نے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ چلنے کا معاہدہ کیا اسی روز ملائشیا ء میں مہاتیر محمد کے حمایتی اتحاد نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ۔

ملائشیاء میں 61سال برسراقتدار رہنے والی جماعت کی شکست اور 92سالہ مہاتیر محمد کی جیت ہمارے کرپٹ حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے ۔ پاکستان میں 35سال سے اقتدار میں رہنے والی ن لیگ کے اقتدار کا سورج بھی ہمیشہ کیلئے غروب ہونے والا ہے ۔ آئندہ الیکشن میں انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کا ستارہ ہی چمکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام اب نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کے جھوٹے اور کھوکھلے نعروں میں نہیں آئیں گے حکمرانوں کو پانچ سال میں تو جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خیال نہیں آیا لیکن جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر بیٹھتے ہی محض چند روزہ اقتدار والوں کو جنوبی پنجاب میں ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں کی بہتری اور ملازمتوں میں کوٹہ کی بحالی یاد آگئی ۔

جنوبی پنجاب کے عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔جنوبی پنجاب صوبی محاذ کے ترجمان نے کہا کہ جس طرح نوازشریف اپنی ہی جماعت کے منتخب نمائندوں کے چہرے نہیں پہنچاتے ٹھیک اسی طرح عوام بھی انکا چہرہ بھلا کر آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب محاذ کو ووٹ دے کر اقتدار کا حق دار بنائیں گے ۔