Live Updates

قومی دولت لوٹنے اور ملک کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں کا سورج غروب ہونے والا ہے،صوبائی رہنما پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 10 مئی 2018 21:15

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما اور پی پی 136کے مضبوط امیدوار صوبائی اسمبلی چودھری محمد ارشد ورک نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹنے اور ملک کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ عمرا ن خان کی قیادت میں پاکستان کا امیج بہتر ہو گا اور سبز پاسپورٹ دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار قومی اسمبلی بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی، صوبائی رہنماؤں چودھری عامر گجر، رانا اعجاز حسین،ایم پی اے علی سلمان، ایم پی اے سعدیہ رانا، کونسلر شہباز احمد ورک، قیصر ورک اور انعام اللہ ورک کے ہمراہ مقامی ہال کے وسیع و عریض پنڈال میں ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکمران ٹولے نے ختم نبوتﷺ قانون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور اسی وجہ سے انہوںنے مسلم لیگ(ن)کو خیر باد کہہ کر ملک کی مخلص قیادت عمران خان کو اپنا لیڈر تسلیم کیا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری ارشد ورک نے کہا کہ ظلم اور بربریت کی سیاہ رات کا خاتمہ عنقریب ہے جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ہاتھوں نئے اور ایک پاکستان کاقیام عمل میں آئے گا اور ووٹروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکنے کا سلسلہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ امیدوار قومی اسمبلی بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی نے کہا ہے کہ غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت قریب آن پہنچا ہے اور اب ظالموں کا مقابلہ ڈنڈے سے ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ چودھری ارشد ورک نے ایک دن کی کال پر نواز شریف سے بڑا جلسہ کرکے مخالفین کے ہوش اڑا دیئے ہیں اور الیکشن قریب آتے ہی پوری مسلم لیگ(ن) پی ٹی آئی بن چکی ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ21سال قبل شروع کی گئی عمران خان کی تحریک کامیابی کے قریب پہنچ چکی ہے اور بس رسمی اعلان باقی ہے۔ خاتون ایم پی اے سعدیہ رانا نے کہا ہے مریدکے کے پہلے جلسہ نے پی ٹی آئی کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا ہے ، آج کا جلسہ دیکھ کر میں چودھری ارشد ورک کو ایڈوانس مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ ان کا صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ کنفرم ہے۔ انہوںنے کہا کہ مریدکے کے عوام نے الیکشن سے قبل ہی ارشد ورک کو ایم پی اے منتخب کر لیا ہے۔ جلسہ کے اختتام پر ہزاروں شرکا ء کی چکن کڑاہی اور میٹھے چالوںسے تواضع کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات