لاہور، بزرگ پنشنر کو ڈبل پنشن کی ادائیگی نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی جنرل منیجر ریلوے اور پنشن برانچ کے افسران کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری

عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر ایس ایس پی لاہورکو 30 مئی کو پیش ہونے کا حکم

جمعرات 10 مئی 2018 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے بزرگ پنشنر کو ڈبل پنشن کی ادائیگی نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی جنرل منیجر ریلوے فرید احمد اور پنشن برانچ کے افسران کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیئے۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر ایس ایس پی لاہور 30 مئی کو پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے ریٹائرڈ ریلوے ملازم محمد نذیر کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار 30 جون 1986 کو محکمہ ریلوے سے ریٹائر ہوا، درخواست گزار فروری 2016 تک پنشن وصول کرتا رہا، ریلوے کمپیوٹر سیکشن نے فوت شد ظاہر کرکے پنشن بھیجنا بند کر دی، ڈپٹی جنرل منیجر ریلوے کو بھی پنشن کی بحالی کی درخواست دی، سپریم کورٹ اور لاہورہائیکورٹ پرانے پنشنرز کو ڈبل پنشن کی ادائیگی کا حکم دے چکی ہے جبکہ عدالت نے ریلوے حکام کو ڈبل پنشن دینے کے احکامات جاری کیے، ڈپٹی جنرل منیجر ریلوے فرید احمد اور پنشن برانچ کے افسران پنشن نہیں دے رہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ان افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔