پاک بحریہ ملکی دفاع ، سلامتی اور سمندری حدود کی حفاظت کی ضامن ہے ،ْ گورنرسندھ

جدید ترین سامان حرب سے نیوی کو لیس کرنے کے لئے پر عزم ہیں، پاک بحریہ بھرپور پروفیشنل استعداد کی حامل ہے ،ْ محمد زبیر ریئر ایڈمرل آصف خالق کمانڈر کراچی کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد گورنر سندھ سے ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا

جمعرات 10 مئی 2018 22:22

پاک بحریہ ملکی دفاع ، سلامتی اور سمندری حدود کی حفاظت کی ضامن ہے ،ْ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے نئے تعینات ہونے والے کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل آصف خالق نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں امن و امان، علاقائی سلامتی ، سی پیک منصوبہ ، سمندری حدود کی حفاظت کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمہ کے لئے پاک نیوی کے کردار و اہمیت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سمندری سرحد کی نگہبان پاکستان نیوی ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، انتہائی مشکل حالات میں بھی پاک نیوی نے قومی توقعات سے بڑھ کر نتائج حاصل کئے ،موجودہ حکومت پاک نیوی کو دور جدید کے ہر قسم کے سامان حرب سے لیس کرنے کے لئے پر عزم ہے ، مضبوط پاک نیوی ملکی دفاع ، سلامتی ، استحکام اور سمندری حدود کی حفاظت کی ضمانت ہے ۔ ملاقات میں ریئر ایڈمرل آصف خالق نے کہا کہ پاک نیوی ہر دم چوکس و تیار ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔