کمشنر نے ڈویژن بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے رواں ماہ مکمل کر نے کی ہدائت کر دی

جمعرات 10 مئی 2018 22:35

ملتان۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا کہ ڈویژن بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے رواں ماہ مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے ترقیاتی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان پنجاب بھر میں سالانہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں پہلے نمبر پر ہے۔ ترقیاتی کاموں کی وقت پر تکمیل کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی توجہ دی جائے تاکہ عوام کا پیسہ ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ متعلقہ محکمے مکمل ہونے والی تمام سکیموں کا پی سی 4کمشنر آفس میں فوری جمع کروائیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی سکیموں کا 24734.3ملین کا 80فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں ضلع ملتان میں 7343ملین کا 83فیصد، خانیوال میں 6918ملین کا 72فیصد، وہاڑی کا 6685ملین کا 83فیصد اور لودھراں کا 3789ملین کا 74فیصد کام مکمل کرلیاگیا ہے۔

وزیراعظم ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دیتے ہوئے طارق بخاری نے بتایا کہ ان سکیموں کا پہلافیز مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ فیز ٹو کا 85فیصد کام بھی پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ یہ تمام سکیمیں بھی رواں ماہ میں مکمل کرلی جائیں گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل، متعلقہ محکموں کے سربراہان جبکہ ویڈیو لنک پر ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ترقیاتی محکموں کے افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :