مرکزی قومی شاہر اہ پر تیل پائپ لائن پھٹنے سے ٹریفک نظام درہم برہم

ممکنہ خطرے کے پیش نظر سواں پل ٹریفک کے لیے بند ،ٹریفک متبادل راستوں کی جانب موڑ دی گئی

جمعرات 10 مئی 2018 22:46

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) مرکزی قومی شاہر اہ (جی ٹی روڈ )پر دریائے سواں کے کنارے تعمیراتی کام کے دوران تیل پائپ لائن پھٹنے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ،سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک ڈائیورژن کے باوجود جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،شہری رات گئے تک سڑکوں پر خوار ہوتے رہے ۔اے پی پی کو دستیاب اطلاعات کے مطابق جمعرات کو جی ٹی روڈ پر سواں پل کے نیچے تعمیراتی کام کے دوران تیل پائپ لائن ا چانک دھماکے سے پھٹ گئی جس کی وجہ سے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سواں پل کو ٹریفک کے لیے بند کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں سے گذارنا شروع کر دیا ۔

اس صورتحال کی وجہ سے سواں پل کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سواں پل کے نیچے پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے فوری بعد اٹک آئل ریفائنری کے انجینئرز موقع پر پہنچ گئے جنھوں نے پائپ لائن کی مرمت کاکام شروع کر دیا ۔ترجمان اٹک آئل کمپنی سے رات گئے تک رابطہ نہیں ہو سکا جبکہ دیگر حکام کاکہنا تھا کہ پائپ لائن کی مرمت کاکام جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔

ذرائع نی اے پی پی کو بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس کے اضافی وارڈن بھی ٹریفک بحالی کے لیے بلوائے گئے تاھم مرکزی قومی شاہراہ پر ٹریفک کے بہائو کو رواں رکھنے کی کوششیں بارآور نہ ہو سکیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔سواں پل کی بندش اور ٹریفک ڈائیورژن کے باعث کئی ملحقہ شاہرائوں پر بھی ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ۔اس موقع پر راولپنڈی کچہری چوک جہلم روڈ سے روات جانے والی ٹریفک الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال سے ڈائیورٹ کر کے ڈی ایچ اے و بحریہ سے گزر کر جی ٹی روڈ روات بھیجی گئی جبکہ روات سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک ٹویوٹا کمپنی کے سامنے سے یو ٹرن لے کر ڈی ایچ اے و بحریہ سے گزر کر راولپنڈی جہلم روڈ سے کچہری بھیجی گئی ۔

سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی معاونت کے لئے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 0519272616 بھی اوپن کیے رکھا تاکہ شہری تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہ سکیں ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ پائپ لائن پھٹنے کے بعد کم وبیش 4گھنٹے تک سواں پل کے دونوں اطراف ٹریفک معطل رہی ۔ذرائع کے مطابق شام سات بجے کے قریب راولپنڈی کچہری سے روات جانے والی ٹریفک کو سواں پل سے گذرنے کی اجازت دے دی گئی تاھم روات سے راولپنڈی کی جانب آنے والی ٹریفک کو رات گئے تک متبادل راستوں سے گذارنے کی اطلاعات ہیں ۔سواں پل کی بندش کے باعث پیداشدہ صورتحال کے حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر بلال افتخار سے رابطہ نہ ہو سکا ۔tca