پاسبان کے میگا مارچ فار میگا سٹی کی جاری مہم نے کرپٹ سیاستدانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں ،اعظم منہاس

مہم کو شہریوں کی جانب سے ملنے والی بے مثال پذیرائی نے میگا سٹی کے قیام کی منزل کو آسان کردیا ہے،سینئر نائب صدر پاسبان پاکستان

جمعرات 10 مئی 2018 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر اعظم منہاس نے کہا ہے کہ پاسبان کے میگا مارچ فار میگا سٹی کی جاری مہم نے کرپٹ سیاستدانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔ میگا مارچ مہم کو شہریوں کی جانب سے ملنے والی بے مثال پذیرائی نے میگا سٹی کے قیام کی منزل کو آسان کردیا ہے۔ کالجوں ،پروفیشنل کالجوں ،یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات بھی میگا مارچ فار میگا سٹی میں پاسبان کے ہمقدم اور تاجر برداری بھی شانہ بشانہ ہے ۔

اب کراچی میگا سٹی بن کے رہے گا ،کراچی کے عوام اب اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور 13مئی اتوار کو سہہ پہر 3بجے مزار قائد پر کراچی کے عوام کی بہت بڑی تعدادجن میں بزرگوں ،خواتین ،بچوں ،طلبہ و طالبات ،تاجروں،مزدوروں اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کا ہجوم ہوگا ۔

(جاری ہے)

وہ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں میگا مارچ فار میگا سٹی کے سلسلے میں پاسبان کراچی کے تحت قائم کی گئی مارچ آرگنائزنگ کمیٹی ، وومن کمیٹی ،پریس اینڈ پبلیکیشن کمیٹی ،ٹرانسپورٹ کمیٹی ،استقبالیہ کیمپ کمیٹی ،پرٹوکول کمیٹی ،اسٹیج کمیٹی ،پارکنگ کمیٹی ،واٹر کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار و دیگر بھی موجودتھے ۔ اعظم منہاس نے کہا کہ کراچی کے عوام، کراچی کو میگا سٹی کے بین الاقوامی معیار کے مطابق آئینی حقوق کا دوجہ دلوانے کے لئے نکل کھڑے ہورہے ہیں ۔ اب کرپٹ سیاستدان ،شہری لٹیرے واور گوٹھوں وڈیرے کراچی کو میگا سٹی بننے سے نہیں روک سکتے ۔ پاسبان نے کراچی کے عوام کو حقوق دلانے کی عملی جدوجہد شروع کی ہے اور پاسبان واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اقتدار کے بغیربھی برسوں عوام کی عملی خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاسبان کے سیاست میں آنے پرملک بھر کے مظلوم عوام خوشی کاظہار کرتے ہوئے پاسبان کے پلیٹ فارم پرتیزی سے متحد ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کراچی پولیس ،ٹریفک پولیس ، سٹی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ 13مئی اتوار کو شہر بھرکے مختلف علاقوں سے نکلنے والے پاسبان کے جلوسوں اور ریلیوں کے شرکاء کے ساتھ بھرپور تعاون کریں #