بارشوں میں کمی اور آبی ذخائر کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں پانی کی شدید قلت ہے، حکومت پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 11 مئی 2018 00:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کرنے والی غیرملکی کمپنی کلائمیٹ گلوبل کنٹرول ٹریڈنگ نے بلوچستان میں واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے اور تکنیکی معاونت کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی کے سی ای او مسٹر میکسم لاورو نے اپنے وفد کے ہمراہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سے ہونے والی ملاقات میں صوبے کے آبی ذخائر کی ترقی، نئے ذخائر کی تعمیر اور پانی کے تحفظ کے لئے جدید سائنسی طریقوں کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی آبی شعبہ کی ترقی میں نہ صرف سرمایہ کاری کرے گی بلکہ مقامی ماہرین کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں جدید سائنسی طریقوں کے استعمال سے آبی ذخائر کی ترقی، دستیاب پانی کے بہتر استعمال، اضافے اور تحفظ کو یقینی بنایا جارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی بلوچستان میں ان منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہے اور صوبائی حکومت کے ساتھ معاہدے کی صورت میں ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں میں کمی اور آبی ذخائر کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں پانی کی شدید قلت ہے صوبائی حکومت پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے صوبے کے مختلف علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے تاہم اس شعبہ میں کام کرنے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے بالخصوص جدید تکنیک کے استعما ل سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور پانی کے موجود ہ ذخائر میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کمپنی کی جانب سے بلوچستان میں واٹر سیکٹر کی ترقی میں دلچسپی لینے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کمپنی سے معاونت کرے گی اور محکمہ آبپاشی کو کمپنی کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے اور صوبائی حکومت اور کمپنی کے مابین معاہدے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق ، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پی ایچ ای بھی ملاقات میں موجود تھے۔