منفی سیاست کی وجہ سے عوام پی ٹی آئی سے بے زار ہو چکے ہیں، راحیلہ سہیل

ہفتہ 12 مئی 2018 10:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ خیبر پختونخوا کی صوبائی جنرل سیکرٹری راحیلہ سہیل نے کہا ہے کہ صوبے یں تبدیلی لانے کی بجائے اسے تباہی و بربادی سے دوچار کر دیا گیا ہے ،عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بجائے ان کے دکھوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، صوبے کے وسائل دھرنوں اور پی ٹی آئی کے سیاسی جلسوں پر خرچ کرنے سے صوبہ مالی بحران کا شکار ہو چکا ہے جبکہ صوبے میں بڑھتی ہوئی غربت بدحالی و بے روزگاری سے عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین ونگ کی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منفی سیاست کی وجہ سے عوام پی ٹی آئی سے بے زار ہو چکے ہیں‘ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے مسلم لیگ ن سے عوام کی ہمدردیاں بڑھتی جا رہی ہیں، خواتین ونگ کو صوبے کے کونے کونے و چپے چپے میں منظم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے شرافت کی سیاست کا بول بالا کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ خواتین کی طرف سے انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لئے مہم چلائی جائے گی۔