سیاستدان کالے دھن کو کس طرح سفید کرتے ہیں ؟

معروف صحافی مبشر لقمان نے لائیو شو میں بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 مئی 2018 11:31

سیاستدان کالے دھن کو کس طرح سفید کرتے ہیں ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2018ء) :نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی مبشر لقمان نے کہا کہ انہوں نے بیرون ممالک اقامے لیے ہوئے تھے۔ وہ کس لیے لے رکھے تھے؟ اسی لیے کہ یہ لوگ فارن اکاﺅنٹ کھُلواسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں غیر ملکی اکاؤنٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کی جاتی تھی اور باہر پیسے بھیجے جاتے تھے۔

ایسے ہی پیسے لندن بھیجے جاتے تھے اور انڈیا بھی ایسے ہی پیسے بھیجے گئے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی باتوں پر اتنا سیخ پا ہونے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نےبتایا کہ کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے ملائشیا اور سری لنکا کے کسینو استعمال ہوئے ہیں۔یہاں سے ایان علی جیسی ماڈلز 5،5 لاکھ ڈالرز لے کر جاتی تھیں، دبئی سے یہ رقم سری لنکا بھیجی جاتی تھی، وہاں کسینو کو 10 فیصد دیتے ہیں، اور وہ آپ کو کالا دھن سفیر کردیتا ہے۔

(جاری ہے)

اب اس کسینو کی وکٹری کو آپ پوری دنیا میں کسی بھی بینک میں ڈال دیں اور کہہ دیں کہ یہ پیسے میں نے کسینو میں جیتے ہیں، کیونکہ آپ کے پاس ایک رسید آجاتی ہے۔ فرق یہ ہے کہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے۔یہاں پر کوئی بھی کسینو کی رسید دے نہیں سکتا۔ یہی بات ان کے گلے پڑی ہوئی ہے ۔ مبشر لقمان نے مزید کہا کہ جب ہمارے اپنے ملک کا وزیر اعظم ملک کے اداروں کے خلاف ہو جائے تو اس ملک کا کیا مستقبل ہو سکتا ہے یہ بھی سوچنے کی بات ہے۔

خیال رہے کہ پانامہ کیس میں نا اہلی کے بعد ہی سے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدلیہ مخالف بیانات دینا شروع کر دئے تھے ۔ حال ہی میں میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے نیب نے نواز شریف کی بھارت کی جانے والی مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نواز شریف نے چئیرمین نیب سے ثبوت لانے اور بصورت دیگر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔