اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ کامیاب،روس کا شام کودفاعی نظام نہ دینے کا اعلان

روسی حکومت شام کو ایس 300 فضائی دفاعی نظام فراہم نہیں کرے گی،سینئر عہدیدار کی تصدیق

ہفتہ 12 مئی 2018 11:50

اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ کامیاب،روس کا شام کودفاعی نظام نہ دینے کا ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) روسی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اپنے دورہ روس کے دوران صدر ولادی میر پوتین کو شام کو ایس 300 نامی دفاعی نظام نہ دینے پر قائل کر لیا ہے۔روس کے ایک مقامی اخبار نے روس کے سینئر عہدیدارکے حوالے سے بتایاکہ نیتن یاھو کے دورے کے بعد روسی حکومت شام کو ایس 300 فضائی دفاعی نظام فراہم نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ روس اپنے حلیف بشارالاسد کے ساتھ ایس 300 دفاعی نظام کی فراہمی کے لیے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔ دوسرے ممالک کو اسلحہ کی فراہمی کے نگران اور صدر کے معاون خصوصی ولادی میر کوجین کا یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے دورہ روس کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل بھی یہ خبریں آتی رہی ہیں کہ تل ابیب ماسکو پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ شام کو ایس 300 نامی فضائی دفاعی نظام اور میزائل سسٹم فراہم نہ کرے۔گذشتہ ماہ روس نے اشارةً کہا تھا کہ وہ صدر بشارالاسد کو جدید میزائل سسٹم فراہم کرنے پرغور کر رہا ہے، تاہم اس پر اسرائیل کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔