حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا : مسرت چیمہ

ہفتہ 12 مئی 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ اور موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے ،یوٹیلٹی سٹورز پر ایک ارب 73کروڑکی سبسڈی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ،پی ٹی آئی حکومت میں آکر خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کوپائوں پرکھڑا کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوںپر عملی اقدامات اٹھائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے امیر امیر تر جبکہ غریب تین سے دو وقت کی روٹی پر آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکمران ایسا کوئی میکنزم نہیں بنا سکے جس کے ذریعے مستحق لوگ سبسڈی سے استفادہ کرسکیں ۔

یوٹیلٹی سٹورز پر معمولی رعایت دی جا تی ہے اور اس کے بدلے انتہائی ناقص اشیاء کی فروخت کی جاتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خور رمضان المبارک سے قبل ہی سر گرم ہو چکے ہیں جبکہ حکومت نے ابھی تک چپ سادھ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے لئے منصوبہ بندی کررکھی ہے اورانشا اللہ عوام کی طاقت سے حکومت میں آکر اس پر فی الفور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جس کا مقصد ان کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانا ہے ۔