مقبوضہ کشمیر: حریت پسند قیادت نے شہداء کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کا پختہ عزم کررکھا ہی: میرواعظ

حریت فورم کا وفد بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گیا

اتوار 13 مئی 2018 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ ان کی قربانیاں کسی صورت میں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حریت پسند قیادت نے شہداء کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کا پختہ عزم کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کا ایک وفد گزشتہ ہفتے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے جنوبی کشمیر کے علاقوںدربہ گام ، آئن گنڈ، رحمواور آری ہل میں ان کے گھر گیا۔

وفد میں غلام نبی ذکی ، غلام نبی نجار، پرویز احمد ڈاراور دوسرے کارکنان شامل تھے۔ اس موقع پر میر واعظ عمرفاروق نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی بھر پور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ بے شک کشمیری عوام آج تاریخ اور تحریک کے نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں اور اس مرحلے پر تحریک کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ہم پوری وابستگی اور استقامت کے ساتھ تحریک کے اہداف پر اپنی توجہ مرکوز کریںتاکہ کامیابی ہمارے قدم چومے۔

انہوں نے کہا کہ رواں تحریک آزادی میں کشمیری عوام کی ناقابل فراموش قربانیاں ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور اس کی حفاظت ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کے عظیم مشن کو استقامت کے ساتھ آگے بڑھانا کامیابی کا ناگزیر تقاضاہے۔ انہوں نے کہاکہ مبنی برحق جدوجہد میں مصروف عمل کشمیری قوم ہر روز آلام و مصائب کا سامنا کررہی ہے اورریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ مزاحمت میںکوئی کمی نہیں آرہی ہے۔