موجودہ حکومت نے ملک میں بچوں اور خواتین کو صحت مند غذا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، حکام وزارت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن

اتوار 13 مئی 2018 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) موجودہ حکومت نے ملک میں بچوں اور خواتین کو صحت مند غذا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور وہ صوبوں، ترقیاتی شراکت اداروں، وفاقی وزارتوں اور اقوام متحدہ کے مابین رابطہ کاری اور اشتراک کار کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیر برائے نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو صحت مند بنانے کیلئے صحت بخش غذا کے استعمال کو یقینی بنانا ہوگا، تمام شہریوں کو صحت بخش غذا کی فراہمی حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ملک میں صحتمند اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ غیر معیاری اور صحت بخش غذا کی عدم دستیابی کے باعث کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت غذائیت اور غذائی تقویت کے تمام پروگراموں میں صوبوں کی بھر پور معاونت اور مدد کر رہی ہے، تمام صوبوں کے پاس اپنے اپنے منظور شدہ غذائی پراجیکٹس ہیں اور ملک بھر میں غذائی قلت کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :