بلوچستان کا مالی سال 2018-19کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

اتوار 13 مئی 2018 16:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) بلوچستان کا صوبائی بجٹ 2018-19آج بروز پیر 14مئی کو صوبائی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں 4بجے وزیراعلی کی مشیر خزانہ کیپٹن (ر) ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی پیش کریں گے ،اسمبلی اجلاس کی صدارت اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کریں گی ،بجٹ اجلاس صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے سے قبل صوبائی کابینہ کی خصوصی اجلاس میں اسکی منظوری دی جائے گی ،محکمہ خزانہ کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی بجٹ کے بارے میں جوہدایت دی گئی ہے اسکے مطابق کوشش کی جارہی ہے کہ اس پر عملدرآمد کیا جائے اور عین انکی خواہش کے مطابق بجٹ تیا ر کیا جائے ،بجٹ ساڑھے 3سو ارب روپے کا ہوگا جو خسارے کا بجٹ اور فری ٹیکس ہوگا ،بجٹ میں خاص طورپر امن وامان ،صحت اور تعلیم کیلئے خصوصی رقم مختص کی گئی ہے ،بجٹ میں پیر کے رو زاسمبلی میں پیش ہونے سے قبل آخری وقت بھی تبدیلی آسکتی ہے ،بلوچستان کی مخلوط کابینہ میں بجٹ کے مسئلے پر ابھی بھی اختلافات ختم نہیں ہوئے ہیں ،ایک صوبائی وزیر اور ایک نئی حکومت کی نئے اتحادی نے اپنے لئے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ فنڈ مختص کرنے کی کوشش کی گئی جو اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے یکساں مسترد کردی ہے ،موجودہ اسمبلی کی اپنی مدت پوری کرنے میں صرف 17روز باقی ہے اور رمضان شریف کا پہلا روزہ بھی 17مئی کو ہوگا ۔