انتخابات 2018 کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں

راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کی13 ،صوبائی اسمبلی کے 27حلقوں کے لیے ریٹرننگ واسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر

اتوار 13 مئی 2018 18:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے 13 حلقوںکے لیے 13ریٹرننگ افسران اور 26اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران جبکہ صوبائی اسمبلی کے 27 حلقوں کے لیے 27 ریٹرننگ افسران اور 54 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کر دیئے ۔اے پی پی کو الیکشن کمیشن راولپنڈی سے دستیاب معلومات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ نمبر این اے 55سے این اے 67 بشمول اٹک کے دو حلقوں، راولپنڈی کے 7،چکوال کے 2 اور جہلم کے 2 حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ اسی طرح پی پی 1سے پی پی 5اٹک ڈسٹرکٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے لیے 5،پی پی 6سے پی پی 20راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے 15صوبائی حلقوں کے لیے ،پی پی 21سے پی پی 24چکوال ڈسٹرکٹ کے 4حلقوں کے لیے جبکہ جہلم کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر پی پی 25سے پی پی 27تک کے 3حلقوں کیلئے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی 1ملک سلیم اختر نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ضلعی الیکشن کمیشن 2018کے عام انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مصروف عمل ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ووٹرز تصدیقی مہم کے تحت شہریوں کو 280ڈسپلے مراکز سے اپنے نام اور ووٹ کے درست اندراج کے لیے تقریباً ایک ماہ سے زائد کا وقت دیا گیا جبکہ ووٹرز فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے اقدامات جاری ہیں اور یہ حتمی ووٹرز فہرست رواں ماہ کے اواخر میں عوام کے لیے آویزاں کر دی جائے گی ۔

ملک سلیم اختر نے بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں تقریباً 15لاکھ مرد ووٹرز اور 13لاکھ خواتین ووٹرز کے ساتھ رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 29لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ ووٹرز رجسٹریشن کی حالیہ مہم کے دوران ضلع راولپنڈی میں تقریباً 47000نئے ووٹرز کو رجسٹرڈ کیا گیا ۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے راولپنڈی ،اٹک ،چکوال اور جہلم میں انتخابی فہرستوں پر اعتراضات کی وصولی کے لیے 32نظر ثانی اتھارٹیز بھی قائم کی تھیں ۔

ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز رجسٹریشن مہم کے دوران خواتین اور معذور افراد کی رجسٹریشن پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ انتخابی عملے کی جاری تربیت کا عمل (کل )15مئی کو اختتام پذیر ہو جائے گا جبکہ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا مرحلہ 17مئی سے شروع ہو گا جو کہ 19مئی تک جاری رہے گا ۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57سے این اے 63تک کے لیے 7ریٹرننگ افسران اور 14اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران جبکہ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 6سے پی پی 20کے لیے 15ریٹرننگ افسران اور 30اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکے فرائض سر انجام دیں گے۔