کوہاٹ پولیس کاشہرکے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن،اسلحہ ومنشیات کابڑاذخیرہ برآمد،80مشتبہ افرادزیرحراست

اتوار 13 مئی 2018 18:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) کوہاٹ کے نواحی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ ومنشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا ہے۔انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرسماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی میں تین مطلوب اشتہاریوں سمیت 80مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔لاچی اور شکردرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کی کاروائی کے دوران چالیس مشکوک موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میںقومی ایکشن پلان کے تحت قانون شکن عناصرکی سرکوبی اور ناجائز ہتھیاروں ومنشیات کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن یقینی بنانے کیلئے پولیس کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔آپریشن کا دائرہ نواحی علاقوں تک بڑھاتے ہوئے لاچی سرکل پولیس نے ڈی ایس پی روخان زیب کی قیادت میںاتوار کی علی الصبح مختلف علاقوں غورزندی،سوڈل،تروابیرہ،ڈولئی بانڈہ،محسن خیل اور شکر درہ کے دورافتادہ دیہاتوںنندرکہ ، رحمان آباد روڈ اور کالاباغ روڈ پر واقع علاقوںکی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے طویل سرچ آپریشن کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او لاچی طاہر نواز اور ایس ایچ او شکردرہ محمد افضل اعوان پر مشتمل پولیس اور ایلیٹ فورس کی آپریشنل ٹیموں نے حساس ادارے ڈی ایس بی کی نشاندہی پرسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی میں اشتہاری مجرموںاور جرائم پیشہ عناصرکے گھروں سمیت ممکنہ ٹھکانوںاور دیگر ٹارگتڈ مقامات پر اچانک چھاپے مارے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں پولیس نے قتل و اقدام قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تین اشتہاری مجرموں سمیت 80مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے مجموعی طورپر2 کلاشنکوف،3 ریپیٹر،5 بندوق،4 رائفل،ہ14 پستول،مختلف بور کے چھ ہزار سے زائد کارتوس،30 چارجرزاور ڈھائی کلو گرام چرس برآمد کرلئے۔

چھ گھنٹے مسلسل جاری آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ و نان رجسٹرڈچالیس مشکوک موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لیکر چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردئیے ہیں۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی کے دوران پکڑے گئے تمام افراد کو تھانہ لاچی اور شکردرہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ دیگر مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔