نوکوٹ اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران بدستور جاری خلق خدا پانی کی بوند بوند کو ترس گئی

اتوار 13 مئی 2018 19:40

نوکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) نوکوٹ اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران بدستور جاری خلق خدا پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے دیہی علاقوں کے مکینوں نے پران اور ڈھورو کا کھڑا پانی پینے پر مجبور ہوگئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی نوکوٹ کی یقین دہانیوں کے باوجود فراہمی آب کی اسکیم کے تالابوں کو پانی کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

چیئرمین اور دیگرسیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کا احتجاج اور دھرنے کی حکمت عملی کے لئے سر جوڑ لئے ہیں تفصیلات کے مطابق نوکوٹ سب ڈویژن کی شاخوں میں پانی کا بحران بدستور جاری ہے جبکہ شاخوں میں ایک ماہ سے پانی کی بندش کے بعد نوکوٹ کلوئی فضل بھنبھرو کے فراہمی آب کی اسکیموں کے تالابوں میں پانی کے ذخائز مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں نوکوٹ کی فراہمی آب کی اسکیم کے تالابوں پینے کا پانی ختم ہونے کے بعد اسکیم سے ٹیوب ویل کے ذریعے وقفہ وقفہ سے کڑوے پانی کی فراہمی کی جارہی ہے فراہمی کیا جانے والاانتہائی کڑوا پانی پینے کے قابل نہیں ہے اور شہری علاقے کے مکین دیگر استعمال میں کررہے ہیں جبکہ پینے کے لئے مینرل واٹر کا استعمال کررہے ہیں دوسری جانب ایک ہزار سے زائد دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے اور دیہی علاقوں کی خواتین مرد اور بچے دو سے تین کلومیٹر پر نصب نلکوں سے پانی بھر کر استعمال کررہے ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں نوکوٹ سے گزرنے والے آبی گزرگاہ ڈھورومیں مضر صحت اور کھڑا پانی پینے اور دیگر استعمال میں لارہے ہیں جس سے دیہات کے مکین خصوصاً بچے پیٹ کے خطرناک امراض میں مبتلا ہورہے ہیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مٹھڑاؤ کینال میں ناراکینال سے پانی چھوڑا گیا جو اس وقت وارہ بندی شیڈول کے تحت سات روز کے لئے شیرشاخ میں چل رہا ہے اور محکمہ آبپاشی نوکوٹ کی جانب سے 13میل موری پر مرکزی دروازے بند کررکھے ہیں اور مٹھڑاؤ کینال میں آگے پانی نہیں چھوڑا جارہا ہے اگر محکمے مرکزی گیٹ توڑے اوپر کردیئے جائیں تو فراہمی آب کے تالابوں کو فراہم کیا جاسکتاہے لیکن محکمہ آبپاشی نوکوٹ مرکزی دروازے اوپر کرنے کو تیار نہیں ہے جبکہ نوکوٹ میں پینے کے پانی کے بحران کے بعد نوکوٹ ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں سے فراہمی آب کے تالابوں کو پانی کی فراہمی کے لئے سرجوڑ لئے ہیں اور جبکہ شہریوں کو ٹاؤن کمیٹی نوکوٹ میں جمع کرنے کے لئے شہربھر اسپیکر کے ذریعے اعلانات کئے گئے ہیں اور پیر کے روز نوکوٹ بائی پاس پر احتجاج اور دھرنے کی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے تاکہ فراہمی آب اسکیم کے تالابوں کو پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :