پاکستان کی تاریخ میںپہلی مرتبہ سمندر اور ریت پر ایڈونچر سائیکلنگ نے دھوم مچادی

پیر 14 مئی 2018 20:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کراچی سٹی اولمپکس ایسوسی ایشن چوتھے پیزا ہٹ بیچ گیمز میں سمندر اور ریت میں ایڈونچر سائیکلنگ کے مقابلوں نے دھوم مچادی۔ ساحل پر موجود عوام نے سائیکلسٹوں کو خوب داد دی اور ان کی صلاحیتوں کو خوب سراہا ۔ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپرویژن میں ہونے والی یہ ایڈونچر سائیکلنگ چیمپین شپ لیاری کراچی کے حذیفہ نے 6پوائنٹس کے ساتھ جیت لی ہے۔

حذیفہ نے ایک کلومیٹر زگ زیگ اور ایک کلو میٹر سرکل سائیکل ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے ۔لیاری کراچی ہی کے الیاس بلوچ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جنہوں نے ایک کلومیٹر زگ زیگ ریس اور پانچ کلومیٹر اسپرنٹ سائیکل ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے 4پوائنٹس حاصل کئے اور سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

(جاری ہے)

ملیر کراچی کے ولید بلوچ اور لیاری کراچی کے ظہیر خان تین تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے اور براؤز میڈلز کے حقدار ٹھہرے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حید ر خواجہ نے عابد علی ایڈووکیٹ اور کلیم اعوان کی جدت سے بھرپور سمندر میں سائیکل ریس کے آئیڈیا کو خوب سراہا اور کہاکہ مستقبل میں سائیکلنگ کی تعمیر و ترقی کیلئے یہ ایونٹ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوںنے مزید کہا کہ عام سائیکلوں کے ان مقابلو ںمیں انتہائی کم قیمت سائیکلوں کا استعمال کیا گیا جس سے لمبی ریسوں میں استعمال ہونے والی لاکھوں روپوں کی سائیکلوں کے مقابلے میں اب بیچ سائیکلنگ چیمپین شپ میں سائیکلسٹوں کی تعدا د میں مزید اضافہ ہوجائے گا جس میں عام پاکستانی سائیکلز بھی استعمال ہوسکے گی۔