کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث سرجانی کے عوام پانی سے بھی محروم

سرجانی واٹربورڈمیں پانی کی موٹروں کو سپلائی دینے والی Kالیکٹرک لائن باربار ٹرپ کررہی ہے،انجینئر ناصرصدیقی

پیر 14 مئی 2018 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) سندھ حکومت عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،لوگ پانی جیسی نعمت کی بوندبوند کو ترس گئے ہیں، ٹینکروں کا پانی کب تک خریدیں،واٹربورڈ افسران پہلے سے پریشان لوگوں کے حال پر رحم کریں ۔ یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان ضلع ملیر کے جوائنٹ سیکریٹری محمدفرخ سلطان شمسی نے واٹربورڈ آفس سرجانی میں اہلیان علاقہ کے وفد کے ہمراہ انجینئر ناصر صدیقی سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر انجینئر واٹربورڈ ناصر صدیقی نے بتایاکہ پانی کی فراہمی میں تعطل کا سب سے بڑاسبب بجلی کافالٹ ہے، ہم نے پانی کھولاہواہے،لیکن پانی کی موٹروں کو سپلائی دینے والی Kالیکٹرک کی لائن باربار ٹرپ کررہی ہے جس کے باعث پانی آگے نہیں پہنچ پارہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ متعددبار اس لائن کی مرمت کرنے کے لئے Kالیکٹرک کا عملہ آیاہے لیکن معاملہ جوں کا توں ہے،ہم باربار Kالیکٹرک کو کمپلین کررہے ہیں لیکن کے الیکٹرک عملہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ کررہاہے۔

دوسری جانب گرین لائن منصوبے کے باعث بھی واٹربورڈ کا سارانظام درہم برہم ہوچکاہے،جگہ جگہ کھدائی کے باعث واٹرپمپ کوجانے والی مین کیبل بریک ہوگئی ہے،کے الیکٹرک انتظامیہ کو بتادیاگیاہے لیکن تین ہفتے گزرجانے کے باوجود اس فالٹ کودورنہیں کیاجارہاجو انتہائی افسوسناک ہے۔محمدفرخ سلطان شمسی نے اپنی گفتگومیں واٹربورڈ انتظامیہ کا شکریہ اداکیااور سرجانی کے علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جب تک عوام کو ان کاوشوں کے ثمرات نہیں ملیں گے تمام کاوشیں اور کوششیں بے کارسمجھی جائیں گی،واٹربورڈافسران اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے بات کریں اور بجلی کا فالٹ دورکرواکے عوام کو پانی کی فراہمی ممکن بنائیں۔