رمضان المبارک کا چانددیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

منگل 15 مئی 2018 14:50

فیصل آباد۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) رمضان المبارک1439 ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 16مئی بروز بدھ بمطابق 29شعبان المعظم کی شام طلب کر لیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے مقررہ مقامات پر بوقت نماز مغرب منعقد ہوں گے جن میں شہادتوں کی روشنی میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب تمام اسلامی ایام اور مذہبی تہواروں کے بارے میں سو فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز روئت ہلال ایکسپرٹ ، ماہر فلکیات ، علم الا عداد ، قمر شناس پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند آج 16مئی بروز بدھ کی شام نظر آئے گا جبکہ پہلا روزہ کل یکم رمضان المبارک بمطابق17مئی بروز جمعرات کو ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ نیا چاند 15مئی بمطابق 28شعبان المعظم کو پیدا ہو ا لیکن چونکہ اس نے اسی شام چاند سورج سے پہلے ڈوب جا نا تھا اس لئے اس کے نظر آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوںنے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی 15مئی بمطابق 28شعبان کو رمضان کا چاند نظر نہیں آ سکتا کیونکہ سعودیہ میں بھی چاند یا تو سورج سے پہلے یا تقریباً ساتھ ساتھ ہی ڈوبے گا۔

انہوںنے بتایا کہ چونکہ آج 16مئی کی شام بوقت نماز مغرب نئے چاند کی طبعی عمر پوری ہو گی اس لئے آج 16مئی بروز بدھ بمطابق 29شعبان کی شام رمضان کا چاند نظر آئے گا۔انہوںنے بتایا کہ یکم رمضان المبارک کل 17مئی بروز جمعرات کو ہو گی اور فرزندان اسلام کل جمعرات کو پہلا روزہ رکھیں گے۔انہوںنے بتایا کہ اس بار رمضان المبارک کا مہینہ 30روزوں پر مشتمل ہو گا جس میں 5جمعتہ المبارک کے ایام بھی آئیں گے۔

انہوںنے بتایا کہ شوال کا چاند 15جون بمطابق 30رمضان المبارک بروز جمعہ کی شام نظر آئے گا اس طرح عید الفطر 16جون بروز ہفتہ کو ہو گی۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے بھی رمضان المبارک کا چاند آج16 مئی کی شام نظر ۱ٓنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ آج 16 مئی بروز بدھ کی شام سورج غروب ہوتے وقت ملک کے اکثر علاقوں میں مطلع صاف اور چند مقامات پر ابر ۱ٓلود ہوگا اسلئے چاند نظر ۱ٓنے میں کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔