زراعت ملکی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل

حکومت نے عمر کوٹ اور تھر کے ریگستان میں جدید زرعی تحقیقات کے کا ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے، ڈاکٹر یوسف ظفر

منگل 15 مئی 2018 18:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئر مین جناب ڈاکٹر یوسف ظفرنے کہا ہے زراعت ملکی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔وفاقی حکومت نے عمر کوٹ اور تھر کے ریگستان میں جدید زرعی تحقیقات کے کا ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے جس سے ان علاقوں میں زرعی ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

وفاقی حکومت نے اس منصوبے کے لئے 529 ملین روپے مختص کئے ہیں اور یہ منصوبہ آئندہ پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے تھر کے علاقے کے لوگوں کا روزگار بھی میسر آئے گا۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے مزید کہا کہ ایرڈ زون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (پی اے آر سی) تھر کے علاقے میں جدید زراعت کی تحقیق اور ترقی کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں زراعت کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس علاقے میں زراعی تحقیق کے کام کو بڑھانے اور جدید سائنسی اصولوں پر کام کے لئے وفاقی حکومت نے عمر کوٹ اور تھرپارکر کے ریگستانی علاقوں میں اس علاقے کی آر کیالوجی اور سائنسی بنیادوں پر زراعی تحقیق ، ریگستان میں پودوں کی افزائش نسل کے ساتھ ساتھ جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے ایک جدید لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ تھر کی عوام کے لئے وفاقی حکومت کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا یہ منصوبہ ایک تحفہ ہے ۔

عمرکوٹ میں قائم پی اے آر سی کے سنٹر کے دورہ کے موقع پر پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئر مین جناب ڈاکٹر یوسف ظفر کے ہمراہ ڈاکٹر غلام محمد علی، ڈی جی ، قومی زرعی تحقیقاتی مرکز، اسلام آباد، ڈاکٹر عاصم ، ڈی جی سارک ، کراچی اور ڈاکٹر جوہر علی بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر عطاء اللہ خان ، ڈائریکٹر، ایرڈ زون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دورہ پر آئے ہوئے افسران کے لئے سنٹر کی زرعی تحقیقی سرگرمیوں کے بارے ایک بریفنگ کا اہتمام بھی کیا۔

اس موقع پر " صحراء تھر میں غذائیت کی کمی اور ریگستان کے ویران ہونے کے عمل سے مقابلہ" کے عنوان پر ایک ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس سے ڈاکٹر یوسف ظفر ، چیئر مین ، پی اے آر سی ، ڈاکٹر جو ہر علی، ممبر اینیمل سائنسز، پی اے آر سی، ڈاکٹر غلام محمد علی، ڈی جی ، این اے آر سی،ڈاکٹر عاصم ریحان کاظمی، ڈی جی ، سارک ، کراچی اور سندھ زرعی یونیورسٹی، ٹنڈو جام کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام کے بعد پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور سندھ زرعی یونیورسٹی ، ٹنڈو جام کے درمیان ایک مفاہمتی یادشت پر بھی دستخط کئے گئے ۔مفاہمتی یاداشت کے ذریعے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور سندھ زرعی یونیورسٹی، ٹنڈو جام باہمی زرعی تحقیق کے تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات بڑھائیں گے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک