فیصل آباد: اپنی دوست کو دیا گیا ادھار واپس مانگنے پر بیٹے کے ہاتھوں باپ قتل

پشاور میں بھی بیٹے کے ہا تھو ں با پ قتل ، ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

منگل 15 مئی 2018 20:42

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں ڈیڑھ ماہ قبل قتل ہونے والے شخص کا بیٹا ہی اس کا قاتل نکلا، جس نے اقرار جرم بھی کرلیا۔پولیس کے مطابق جڑانوالہ کے رہائشی اکرم کو 24 مارچ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا، جو 5 روز بعد اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔ پولیس نے اس واقعے کی تفتیش کا آغاز کیا، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول کے بیٹے تنویر نے اپنی دوست کو ادھار دیئے گئے 10 ہزار روپے کی واپسی کا تقاضا کرنے پر اپنے باپ کو قتل کیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی دوست کو 10 ہزار روپے دیے تھے جس کا علم ہونے پر اس کے والد نے لڑکی کے گھر جاکر رقم کی واپسی کا تقاضا کردیا۔ملزم کے مطابق اسی بنا پر اس نے فائرنگ کرکے باپ کو زخمی کردیا تھا جو بعد میں دم توڑ گیا۔دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے لنڈی ارباب میں ایک بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم قاسم کی عمر 13 سال ہے، جس نے نامعلوم وجوہات کی بنائ پر غصے میں آکر فائرنگ کی، جس سے اس کا باپ جاں بحق ہو گیا۔ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔