سپریم کورٹ میں پیسکو ملازمین کو پنشن اور مراعات نہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت

پیسکوکے اکا ئونٹس کی تفصیلات اورمتعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا

منگل 15 مئی 2018 23:54

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بجلی ترسیل کی ذمہ دارکمپنی پیسکوکے ملازمین کو پنشن اور مراعات نہ دینے سے متعلق کیس میں پیسکوکے اکا ئونٹس کی تفصیلات اورمتعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرعدالتی حکم کے باوجود پیسکو کی جانب سے اپنے اکائونٹس کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر عدالت نے بر ہمی کا اظہار کیا، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ عدالت ملازمین کوپنشن اور مراعات کے بارے میں حکم دے چکی ہے بتایا جائے کہ اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا،کیوں نہ پیسکو چیف کو بلا لیا جائے ،سماعت کے دوران پیسکو کے وکیل نے کہا کہ اگر عدالت مجھے نہیں سننا چاہتی تو میں چلا جاتا ہوں، جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے ان سے کہا کہ عدالت کوسرکس اورمچھلی بازار نہ بنائیں، آپ غلط فہمی میں ہیں کہ فائل صرف آپ پڑھتے ہیں ہم نہیں پڑھتے، عدالت میں تقریر کرنے کی بجائے حساب کتاب کر کے آیا کریں، ہمارے ساتھ کھیل نہ کھیلا جائے ، بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پرپیسکو کے متعلقہ حکام کو اکائونٹس سمیت پیش ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔