حلقہ بندیوں اور آبادی کے تناسب سے متعلق درخواست کی سماعت

عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمعرات کے لیے نوٹس جاری کردیئے

بدھ 16 مئی 2018 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں عام انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں اور آبادی کے تناسب سے متعلق درخواست کی سماعت، عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمعرات کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں عام انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں اور آبادی کے تناسب سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں درخواست گزارمرید علی شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں ظاہر کی گئی آبادی محکمہ شماریات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتی۔ تمام صوبوں کی آبادی کے اعداد و شمارغلط ہیں۔ آبادی کے اعداد و شمارغلط ہونے پر حلقہ بندیوں پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں غیر منصفانہ ہیں۔ کسی حلقے کی آبادی 3 لاکھ کسی کی 10 لاکھ ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گذار کا موقف سنتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔