شروع کردہ1094 ہیلپ لائن خواتین کی ترقی اور انکے مسائل کے حل میں اپنا منفرد کردارادا کرے گی،فوزیہ اشرف خان

بدھ 16 مئی 2018 20:44

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) محکمہ ترقی نسواں سندھ کی ڈپٹی ڈائریکٹر حیدرآباد فوزیہ اشرف خان نے کہا ہے کہ محکمے کی جانب سے شروع کردہ1094 ہیلپ لائن خواتین کی ترقی اور انکے مسائل کے حل میں اپنا منفرد کردارادا کرے گی اور وہ تمام پسماندہ خواتین جو کسی بھی طور سماجی مسائل کاشکار ہیں 24 گھنٹے اب اپنے مسائل کے سدباب کے لیے ہم سے رابطہ کرسکیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم سیکریٹریٹ ہال حیدرآباد میں 1094 ہیلپ لائن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہیلپ لائن 1094 کا افتتاح حیدرآباد سمیت میرپورخاص ، ٹنڈو محمد خان اور جامشورو میں بھی ہورہا ہے جب کہ کراچی میں ہیلپ لائن کا پہلے ہی افتتاح کیا جاچکا ہے اور بہت جلد اس کا دائرکار بڑھاتے ہوئے اسے سندھ کے تمام اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گاانہوں نے بتایا کہ محکمہ ترقی نسواں حیدرآباد 2007 میں قائم ہوا اور جب سے ابتک ادارے میں تقریباً 5750 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 5500کیسز محکمے کے تحت حل کیے جاچکے ہیں اور باقی ماندہ کیسز مختلف کورٹس میں چل رہے ہیں جن پرہمارے پینل پر موجود وکیل کام کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں خواتین کے حقوق سے متعلق بہت سے مسائل موجود ہیں جبکہ انکے مسائل کو ماضی میں ہمیشہ پس پشت ڈال دیاجاتا تھا اور خواتین کو کام کرنے والی مشین اورایک روبوٹ کی طرح کردار دیاجاتا تھا یہی وجہ تھی کہ محکمہ ترقی نسواں کووقت کی ضرورت سمجھا گیا اور اسے فعال سے فعال تر بنایاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ ناصرف خواتین میں حقوق کی آگاہی پیدا کرتا ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو خواتین کے حقوق اور مقام کے بارے میں بتاتاہے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان خصوصاً صوبے سندھ کی خواتین تقریباًتمام شعبہ جات میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کررہی ہیں تقریب میں ضلعی انتظامیہ ، ایچ ڈی اے ، پولیس ،محکمہ اطلاعات اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی -