گندم خریداری مہم میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

بدھ 16 مئی 2018 23:55

فیصل آباد۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ ہے کہ گندم خریداری مہم میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی، کاشتکاروں کیلئے مقررکردہ سہولتوں میں کمی نہیں آنی چاہیے،انہوں نے یہ ہدایت تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری میں گندم کے خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی، اس موقع پرسی پی او اطہر اسماعیل، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالغفار،عبدالرزاق ڈوگر اورمحکمہ خوراک کے افسران بھی موجود تھے ،ڈپٹی کمشنر نے گندم خریداری عمل کاجائزہ لیا اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گندم کے کاشتکاروںکو باردانہ کے حصول میں کوئی دقت پیش نہیں آنی چاہیے،انہوں نے گندم میں نمی کے تناسب اوربوری کے وزن کو چیک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مراحل کو شفاف رکھا جائے ،انہوں نے گندم ذخیرہ کرنے کے سلسلے میں گوداموں کے انتطامات کو بھی چیک کیا اور موقع پر موجود کاشتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر گندم کے کاشتکاروں کو خریداری مراکز پر ضروری سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی تاہم اگر انہیں کسی قسم کی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری رابطہ کریں، ان کی شکایات کا بلاتاخیر ازالہ کیا جائے گا،سی پی او اطہر اسماعیل نے سنٹرز پر پولیس ڈیوٹی کو چیک کیا اور انچارج آفیسرز سے کہا کہ فرائض کو تندہی سے انجام دیا جائے ،اس ضمن میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔