ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) کاضلع کے مختلف سستے رمضان بازاروں کا دورہ

بدھ 16 مئی 2018 23:55

فیصل آباد۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ماہ صیام کے دوران شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کیلئے ضلع میں 19سستے رمضان بازارسج گئے ہیں جہاں مارکیٹ کمیٹی سٹالز پر خصوصی رعایتی قیمتوں پر سبزیاں ،دالیں و دیگر اشیاء دستیاب ہیں ، تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)محمد شاہد نے ضلع کے مختلف سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنرز(سٹی)،جڑانوالہ احمر سہیل کیفی،شہر یار عارف اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ریاض شاہد چوک اسلام نگر،کلیم شہید پارک نڑوالاروڈ،جڑانوالہ اوردیگر علاقوں کے رمضان بازاروں میں گئے اور وہاں ضروری انتظامات کا معائنہ کیا،انہوں نے انچارج افسران سے کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوںِ،پھلوں،کریانہ،گھی،مشروبات اوردیگر اشیاء کے سٹالز بھرپورانداز میں لگنے چاہیں اور اشیاء کی سپلائی میں کوئی تعطل نہ آئے،انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ماحول کو صاف ستھرااورپرکشش بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور صارفین کیلئے ہرممکن آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات جاری رہنے چاہیں،انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیاء کی کوالٹی کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ شام تک تازہ اشیاء ہی سٹالز پر موجود رہنی چاہیں،انہوں نے کہا کہ سستے آٹے اور سستی چینی کی منظم انداز میں فروخت کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ رش کی صورت میں نظم وضبط برقرار رہے،اسسٹنٹ کمشنرز نے رمضان بازاروں میںانتظامات اورسٹالز کی موجودگی کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بہترین انتظامات کی بدولت یہ رمضان بازار عوام کوبھرپور معاشی ریلیف فراہم کریںگے۔