چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا جوہر ٹائون کا دورہ ، پانچ دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج

رمضان المبارک کے دوران عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچانے ،ریلیف دینے کیلئے مربوط حکمت عملی طے کر لی ‘ میاں عثمان

جمعرات 17 مئی 2018 00:00

لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے جوہر ٹائون کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ،پانچ دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور ناقص اشیاء کی فروخت پر دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے کر دیئے جبکہ 10کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے جوہر ٹائون کے دورہ کے دوران خریداری کیلئے آنے والے صارفین سے بھی اشیاء کے معیار اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت بارے آگاہی حاصل کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچانے اور انہیں ریلیف دینے کیلئے کیلئے مربوط حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ،بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اورطلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی پابند کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی قیادت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران تمام اوپن مارکیٹوں میں گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے اچانک دوروں کی تعداد بڑھائی جائے گی ۔