اسرائیل نے انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کی دھمکی دیدی

جمعہ 18 مئی 2018 12:54

مقبوضہ بیت المقدس۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیلی حکومت کی مذمت کے بعد اسرائیل کے وزیر جنگ نے انسانی حقوق کونسل سے اسرائیل کے نکل جانے کی دھمکی دی ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نیاسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں غزہ میں فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام کے بارے میں ایک ہنگامی اجلاس تشکیل دے کر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی حکومت کے وزیر جنگ لیبرمین نیاپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر غزہ کے عوام کے قتل عام کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے بیان کو اسرائیل کے مفادات کے دفاع میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو چاہئے کہ امریکہ کو ساتھ لے کر اس کونسل سے نکل جائے۔اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں ہیومن رائٹس واچ کے نمائندے نے کہا ہے کہ امریکہ نے مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی غزہ کی سرحد پر مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کے قتل عام کے بارے میں تحقیقات کی غرض سے بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرکے اپنا اعتبار کھو دیا ہے۔