ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں ، صدر یورپی یونین

جمعہ 18 مئی 2018 18:24

بلغاریہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے ہمیں دشمنوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس کے دوران امریکا کا موازنہ روس اور چین سے کرتے ہوئے یورپی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور یورپ کے خلاف تجارتی ٹیکس عائد کرنے کے خلاف مشترکہ محاذ بنائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں کو دیکھتے ہوئے کوئی یہ بھی سوچ سکتا ہے کہ ایسے دوستوں کی موجودگی میں دشمنوں کی کیا ضرورت ہے۔ڈونلڈ ٹسک نے اس موقع پر مزید کہا کہ یورپ کو صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ ان کی وجہ سے ہمارے تمام خدشات دور ہو گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ہمیں باور کروا دیا ہے کہ اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو اپنی مدد آپ کرنا پڑے گی۔اجلاس کے بعد یورپی یونین کے ایک عہدے دار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی رہنماوں نے متحدہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔