کوہاٹ پولیس نے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ مئی 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست ملزم کے قبضے سے واردات کے بعد فرار میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح کوہاٹ شہر کے علاقہ حافظ آباد میں گھریلوں ناچاقی پر مبینہ ملزم محمد اعجاز ولد عید محمد نے اپنی بیوی مسماة یاسمین بی بی کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واردات کے بعد ملزم فوری طور پر جائے وقوعہ سے موٹر سائیکل پرفرار ہوگیا ۔۔قتل کے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے واردات میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس پر فی الفورعملدرآمد کرتے ہوئے حساس ادارے ڈی ایس بی نے بھی ملزم کی تلاش شروع کردی اور پولیس کیساتھ ایک کامیاب چھاپہ مار کاروائی میں واردات کے مرتکب ملزم محمد اعجاز کو علاقہ علی زئی سے گرفتار کرکے انکے قبضے سے قتل کی واردات میںاستعمال ہونیوالی پستول بمعہ کارتوس اورارتکاب جرم کے بعد فرار کی کوشش میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ۔

(جاری ہے)

ملزم کے خلاف مقتول کی والدہ مسماة خوتاج بی بی کی مدعیت میں تھانہ سٹی مین مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران قتل کی اس واردات کا اعتراف جرم کرلیا ہے جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔