مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح عالمی قوانین خصوصاً القدس شریف کی حیثیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،تہمینہ جنجوعہ

ہفتہ 19 مئی 2018 20:04

مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح عالمی قوانین خصوصاً ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح عالمی قوانین خصوصاً القدس شریف کی حیثیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس نازک صورتحال میں ہماری مشترکہ آواز ہی سنی جائے گی۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور جموں وکشمیر دونوں خطوں کی صورتحال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے۔ استنبول میں او آئی سی سبراہ اجلاس سے قبل وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں بیگناہ فلسطینوں کی شہادت پر صدر محمود عباس اور فلسطینی عوام کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اورکہا کہ فلسطین اور جموں وکشمیر دونوں خطوں کی صورتحال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج بنیادی انسانی حق ہے۔فلسطینی القدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کیخلاف احتجاج کر رہے تھے، جو دنیا کے تمام مسلمانوں کیلئے ایک مقدس مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس نازک صورتحال میں ہماری مشترکہ آواز ہی سنی جائے گی،اس مقصد کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔